← Back
📜 URDU GHAZAL 1mo ago
tmseel_ch's avatar
tmseel_ch 🔥 (12993376)
Last seen 2 hours ago

کسی کے ساتھ اچھا سلوک کر کے یہ توقع رکھنا کہ وہ بھی آپ کے ساتھ اچھا کرے بالکل ایسا ہی ہے کہ کہ آپ یہ سوچیں کہ میں شیر کو نہیں کھا رہا تو شیر بھی مجھے نہیں کھاۓ گا یا میں نے سانپ کو نہیں مارا تو اس کو چاہیے کہ وہ بھی مجھے نہ کاٹے۔۔

یہ بڑی بیوقوفانہ بات ہے کیونکہ آپ کتنا ہی اچھا کر لیں کچھ لوگوں کی عادت ہی ایسی ہوتی ہے، یا پھر انھونے یہی سب سیکھا ہوتا ہے، یا پھر انھیں اعلیٰ ظرفی یا اندر سے بڑا ہونے کا فن سیکھنے کے موقع یا حالات ہی میسر نہیں آتے اس لیے وہ بڑے نہیں ہو پاتے۔
ہم سب اپنی فطرت، ماحول، تعلیم و تربیت، تجربات اور مشاہدات سے بننے والی پروڈکٹ ہوتے ہیں اور اسی لئے مختلف ہوتے ہیں۔

مشاہدہ ہے کہ ایسے لوگوں کی سوچ خاصی اوپری اوپری سی ہوتی ہے ان کے روئیوں میں فرق صرف آپ کی ظاہری پوزیشن، مال و متاع، گھر ، امارات اور اسٹیٹس دیکھ کر آتا ہے اور ایسا آتا ہے کہ آپ حیران رہ جاتے ہیں کہ عام حالات میں جو آپ کی عزت، کامیابیوں اور ترقی پہ کبھی جھوٹے منہ خوش نہ ہوۓ وہ اچھے وقت میں آپ کی بیکار قسم کی باتوں کو بھی عالمانہ اہمیت دیتے محسوس ہوں گے اور فقط مسکرانے والی باتوں پہ بھی خوش مزاجی سے خوب قہقہہ لگا کر کے ہنس رہے ہوں گے(اور آپ اندر سے ہنس رہے ہوں گے کہ بس بھی کر دو اب!)

اچھی وقت گزاری، گھومنے پھرنے اور ساتھ کھانے پینے والے لوگ بہت ہوتے ہیں، یہ ملتے بچھڑتے رہتے ہیں، انھیں سفر میں اچھے ساتھیوں کی طرح رکھیں، بہترین وقت گزاریں ان پہ اپنی توقعات کا بوجھ نہ ڈالیں۔

دنیا میں آپ کے ساتھ اوریجنل یا جنئیون لوگ بہت کم ہوتے ہیں، جن کی آنکھیں ظاہری چکاچوند دیکھ کر نہیں چندھیاتیں، جن کے نزدیک آپ کے قیمتی لباس اور چمکتی دمکتی چیزوں سے زیادہ آپ کی ذات اور بات کی اہمیت ہوتی ہے، جو آپ کو سمجھتے ہوں، جو آپ کی بات سنتے ہوں، ہر موسم و حالات میں ایک سے رہیں، جن سے بات کر کے دل ہلکا ہو جاۓ اور یہ خوف بھی نہ ہو کہ بات میں خیانت ہوگی، جو آپ کی غلطی آپ کو بتا سکیں، جو صحیح یا اچھا مشورہ دے سکیں،ان کے ساتھ مان، توقع، شکوہ، شکایت کا رشتہ سنوارا جا سکتا ہے، یہ والدین بھی ہو سکتے ہیں، بہن بھائی بھی، شریکِ حیات، کوئی محبت بھرا رشتہ دار، مہربان دوست، اور قدرت مہربان ہو تو کوئی پیارا سسرالی رشتہ بھی، ایسے اگر ایک دو لوگ بھی میسر ہیں تو انھیں کسی قیمتی متاع کی طرح سنمبھال کے رکھنا چاہیے باقی زندگی میں ہر چیز کی ایک قیمت ہے، ہر ایک کو دوسرے سے کچھ نہ کچھ چاہیے اس کے بغیر دنیا کا کاروبار نہیں چلتا اس لئے انسانوں کو انسان ہونے کا مارجن دیں۔

تمام تر خطاؤں کے باوجود محبت رکھنے والی اور عطا کرنے والی، غلطیاں بھلا دینے والی ذات تو بس ایک ہی ہے اس لئے کسی انسان سے ایسی توقع رکھنا عبث ہے۔

آدمی آدمی سے ملتا ہے
دل مگر کم کسی سے ملتا ہے

بھول جاتا ہوں میں ستم اس کے
وہ کچھ اس سادگی سے ملتا ہے

مل کے بھی جو کبھی نہیں ملتا
ٹوٹ کر دل اسی سے ملتا ہے

کاروبار جہاں سنورتے ہیں
ہوش جب بے خودی سے ملتا ہے

روح کو بھی مزا محبت کا
دل کی ہم سائیگی سے ملتا ہے

Post image

💬 Conversation